رام اللہ،6فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عبرانی زبان کے معروف اسرائیلی اخبار Haaretz نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ سے متعلق ایک نئے اسکینڈل کا انکشاف کیا ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا تعلق 2004 سے ہے جب نیتنیاہو اس وقت کی اسرائیلی حکومت میں وزیر مالیات کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ارب پتی اسرائیلی تاجر Arnon Milchan نے اپنے امور کی ناظمہ اور اہلیہ کو آگاہ کیا کہ نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نے تل ابیب کے ہلٹن ہوٹل میں واقع زیورات کی دکان سے ایک سیٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں خواتین فوری طور پر سیٹ خریدنے مذکورہ دکان پر پہنچ گئیں۔ تاہم جب انہیں معلوم ہوا کہ صرف ہار کی قیمت ہی 6265 ڈالر ہے تو انہوں نے محض ہار کی خریداری پر اکتفا کیا۔ اگلے روز آرنن نے اپنی منیجر سے دوبارہ رابطہ کرکے مطلع کیا کہ سارہ نیتن یاہو نامکمل سیٹ ملنے پر ناراض ہیں۔ لہذا تحفے کو مکمل کرنے کے واسطے 2305 ڈالر کا بریسلٹ بھی خرید کر نیتنیاہو کی اہلیہ کو بھجوا دیا گیا۔گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ’’ہآرٹز‘‘ اخبار نے بتایا کہ آرنن نے اس امر کی گواہی دی ہے کہ نیتنیاہو اور ان کی اہلیہ نے تحفے پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور آرنن نے خود سے یہ زیورات پیش نہیں کیے تھے۔
اسرائیلی ٹی وی کے چینل 2 نے ہفتے کے روز بتایا کہ اسرائیلی پولیس اس وقت چار اسرائیلی تاجروں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جنہوں نے نیتن یاہو ، ان کی اہلیہ سارہ اور بیٹے یائر کو رشوت پیش کی۔ مذکورہ تاجروں نے پولیس کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے نیتینیاہو کے گھرانے کو زیورات پیش کیے تھے۔کچھ عرصہ قبل شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نیتنیاہو اور ان کے گھرانے کی مبینہ بدعنوانی کے واقعات میں ملوث افراد مطالبات کے حوالے سے مختلف خفیہ الفاظ کا استعمال کیا کرتے تھے۔ آرنن کے مطابق "pinks" کا لفظ شمپئن اور leaves کا لفظ سگار کے مطالبے کے واسطے بولے جاتے تھے جو ہر دو ہفتوں بعد بنیامین نیتنیاہو کے سرکاری دفتر پہنچائے جاتے تھے۔تحقیقات میں سامنے آنے والے ناموں میں اسرائیلی ارب پتی فلم پروڈیوسر آرنن مچل سن اور آسٹریلوی ارب پتی جیمز پارک شامل ہیں۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق نیتن یاہو نے جو تحائف وصول کیے ان کی قیمت کا اندازہ ایک سے دو لاکھ امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور معاملے کی تحقیات کی جا رہی ہیں جس میں آرنن کا نجی کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے 2010 سے 2012 کے درمیان تقریبا 15 ہزار ڈالر قیمت کی شراب خریدی گئی اور مبینہ طور پر نیتنیاہو کے گھرانے تک پہنچائی گئی۔